***** دیگر فتاوی مطالعہ کرنے کے لئے داہنی جانب والی فہرست پر کلک کریں *****



مضامین کی فہرست

فتاویٰ > تلاش کریں

Share |
سرخی : f 1298    ہندوستان والوں کی میقات  
مقام : کڑپا انڈیا,
نام : احتشام الحق
سوال:    

حضرت مفتی صاحب قبلہ ! میقات کسے کہتے ہیں،اور وہ کتنے ہیں؟ ہندوستان سے حج وعمرہ کرنے والوں کے لئے میقات کیا ہے؟ براہ مہربانی جواب عنایت فرمائيں-


............................................................................
جواب:    

حدود حرم میں رہنے والے افراد حرمی کہلاتے ہیں- حدود حرم میں رہنے والے شخص کی میقات، حج کے لئے حرم ہے اور عمرہ کے لئے حل یعنی حدود حرم کے باہر کا حصہ مثلا :مسجد عائشہ رضی اللہ تعالی عنہا ،جعرانہ وغیرہ
حدود حرم کے باہر کا وہ حصہ جو میقات تک پھیلا ہوا ہے اسے حل کہتے ہيں ،میقات اور حل کے درمیان میں رہنے والے افراد کو حلی کہتے ہیں مثلا ساکنان جدہ وغیرہ ،ان کی میقات حل ہے ،اگر وہ حج یا عمرہ کی نیت سے مکہ مکرمہ آئیں تو وہ اپنے مقام ہی سے احرام باندہ لیں
میقات سے باہر رہنے والےافراد جو حج وعمرہ کا قصد کرکے آئیں ان کو آفاقی کہتے ہیں -
حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے اقطاع عالم سے حج وعمرہ کے لئے آنے والوں کےمواقیت مقرر فرمائے ہیں ،کہ وہ ان مقامات نے سے احرام باندہ کرآئيں-
صحیح بخاری شریف میں حدیث مبارک ہے:‍
عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ رضى الله عنهما قَالَ وَقَّتَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم لأَهْلِ الْمَدِينَةِ ذَا الْحُلَيْفَةِ ، وَلأَهْلِ الشَّأْمِ الْجُحْفَةَ ، وَلأَهْلِ نَجْدٍ قَرْنَ الْمَنَازِلِ ، وَلأَهْلِ الْيَمَنِ يَلَمْلَمَ-
ترجمہ:سیدنا عبد اللہ ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہما سے روایت ہے آپ نے فرمایا کہ حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے اہل مدینہ منورہ کے لئے ذو الحلیفہ میقات مقرر فرمائی اور اہل شام کے لئے جحفہ اور اہل نجد کے لئے قرن المنازل اور اہل یمن کے لئے یلملم مقرر فرمایا-
(صحیح بخاری شریف، باب مهل أهل الشأم . ، حدیث نمبر: 1526)
اور صحیح مسلم شریف میں حدیث مبارک ہے:
۔۔۔۔ وَمُهَلُّ أَهْلِ الْعِرَاقِ مِنْ ذَاتِ عِرْقٍ-
اہل عراق کے لئے میقات ذات عرق ہے-
(صحیح مسلم شریف، باب مواقيت الحج والعمرة ،حدیث نمبر: 2867)
کعبۃ اللہ شریف کے چاروں جانب مندرجہ ذیل مواقیت ہیں-
(1)" ذو الحلیفہ " مدینہ طیبہ سے آنے والوں کے لئے میقات ہے-
(2) " جحفہ " مصر اور شام سے آنے والوں کے لئے میقات ہے-
(3)" قرن " نجد سے آنے والوں کے لئے میقات ہے-
(4) " یلملم "یمن،تہامہ ، ہندوستان،پاکستان اور اس کے محاذات سے آنے والوں کے لئے میقات ہے-
(5) " ذات عرق " عراق وغیرہ سے آنے والوں کے لئے میقات ہے-
واللہ اعلم بالصواب سیدضیاءالدین عفی عنہ ، شیخ الفقہ جامعہ نظامیہ ، بانی وصدر ابو الحسنات اسلامک ریسرچ سنٹر ۔ www.ziaislamic.com حیدرآباد دکن۔

All Right Reserved 2009 - ziaislamic.com