***** دیگر فتاوی مطالعہ کرنے کے لئے داہنی جانب والی فہرست پر کلک کریں *****



مضامین کی فہرست

فتاویٰ > تلاش کریں

Share |
سرخی : f 62    بد نظری سے بچنے کا وظیفہ
مقام : بودھن ، انڈیا,
نام : نعیم علی
سوال:    

السلام علیکم ! اللہ کا کرم ہے جو اب تک میری غلطیوں کو معاف کرتے آرہا ہے ، میں نماز کا پابند ہوں لیکن مجھ سے اکثر ایک بہت بڑی غلطی ہوتی ہے ، مجھ سے آنکھوں کا زنا ہو رہا ہے ، میں اپنے نفس پر قابو کرلیتا ہوں لیکن کچھ وقت کر نہیں پاتا ہوں ، آپ مجھے کوئی قرآن کی آیت بتائے جس سے میں آنکھوں کے زنا سے بچ سکوں – جزاک اللہ ، اللہ حافظ –


............................................................................
جواب:    

وعلیکم السلام ورحمة اللہ ! بدنظری سے متعلق احادیث شریفہ میں وعیدیں آئی ہیں ، آپ بدنظری سے بچنے اور گناہوں سے اجتناب کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں یہ نہایت خوش آئند بات ہے ،شیطان انسان کا ازلی دشمن ہے، انسان کو قعرمذلت میں ڈالنے کیلئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کرتا ہے انہی میں سے ایک ہتھیار بدنظری ہے ، انسان جب بدنظری کا شکار ہوجاتا ہے توشیطان کے دام میں پھنس جاتا ہے پھر دیگر گناہوں کا راستہ اسکے لئے آسان ہوتا ہے ، خواہشات نفس پر قابوپاکر جو شخص نظر کا بچاؤکرے اس کو حلاوت ایمانی نصیب ہوتی ہے جیسا کہ ارشاد نبوی ہے : عَنْ عَبْدِ اللَّہِ بن مَسْعُودٍ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّہِ صَلَّی اللَّہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ:إِنَّ النَّظْرَۃَ سَہْمٌ مِنْ سِہَامِ إِبْلِیسَ مَسْمُومٌ، مَنْ تَرَکَہَا مَخَافَتِی أَبْدَلْتُہُ إِیمَانًا یَجِدُ حَلاوَتَہُ فِی قَلْبِہِ.              ترجمہ: حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے سید نا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: نظر شیطان کے تیروں میں سے ایک زہر آلود تیرہے ،جس نے میرے خوف سے بدنگاہی چھوڑدی تومیں اس کے بدلہ اس کو کمال ایمان سے بہرہ مند کرتا ہوں‘ جس کی حلاوت وہ اپنے قلب میں پاتا ہے ۔(المعجم الکبیر للطبرانی حدیث نمبر: 10211، جامع الاحادیث ، حدیث نمبر: 7525(               گناہوں سے بچنے کے لئے آپ سورۂ علق کی اس آیت کریمہ کے معنی پر غور کرتے ہوئے ورد کرتے رہیں : أَلَمْ يَعْلَمْ بِأَنَّ اللَّهَ يَرَى – ترجمہ : کیا وہ نہیں جانتے کہ اللہ تعالی دیکھ رہا ہے – ( سورۃ العلق – 14 ) اللہ تعالی آپ کو اور سارے مسلمانوں کو اپنے حبیب پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے صدقہ و طفیل گناہوں سے محفوظ و مامون رکھے – آمین - واللہ اعلم بالصواب – سیدضیاءالدین عفی عنہ ، شیخ الفقہ جامعہ نظامیہ بانی وصدر ابو الحسنات اسلامک ریسرچ سنٹر ۔www.ziaislamic.com حیدرآباد دکن

All Right Reserved 2009 - ziaislamic.com