***** دیگر فتاوی مطالعہ کرنے کے لئے داہنی جانب والی فہرست پر کلک کریں *****
 
f312: غصہ پر کس طرح قابو پایا جائے ؟ <Back
سوال
دوران گفتگو مجھے اکثر غصہ آجاتا ہے اور میں اس پر کنٹرول نہیں کرپا تاہوں غصہ کوکم کرنے کیلئے مجھ کو کیا کرناچاہئے ؟
جواب
غصہ پی جانا اور عفو و درگزر کرنا متقی و پرہیزگار لوگوں کی علامت قراردی گئی ہے ۔ اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے ’’ الذین ینفقون فی السرآء والضرآء والکاظمین الغیظ والعافین عن الناس ( سورۃ آل عمران آیت نمبر 134 ) متقی وہ لوگ ہیں جو خوشحالی و تنگدستی میں خرچ کرتے ہیں غصہ کو پی جاتے ہیں اور لوگوں کے ساتھ عفو و درگذر سے کام لیتے ہیں ( آل عمران آیت 134) دوران گفتگو غصہ آنے کے باوجود صبر کرنا اعلی ظرفی کی دلیل ہے ۔ اور فضیلت والا عمل ہے ۔ زجاجۃ المصابیح ج 4 ص 126 میں حدیث شریف ہے ’’ عن ابن عمر قال قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ما تجرع عبد افضل عند اللہ عز و جل من جرعۃ غیظ یکظمھا ابتغاء وجہ اللہ تعالیٰ راواہ احمد ‘‘ ترجمہ : حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کوئی بندہ ایسا گھونٹ نہیں پیا جو اللہ بزرگ و برتر کے پاس غصہ کے اس گھونٹ سے زیادہ فضیلت والا ہو جس کو وہ اللہ تعالی کی خوشنودی چاہتے ہوئے پی جاتا ہے ۔ جب آپ غصہ سے دو چار ہوں تو وضو کرلیں کیونکہ غصہ شیطان کی جانب سے ہوتا ہے ۔ سنن ابوداو ۔ ۔ ۔ میں حدیث پاک ہے ’’ عن عطیۃ بن عروۃ السعدی قال قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ان الغضب من الشیطان و ان الشیطان خلق من النار و انما تطفأ النار بالماء فاذا غضب احدکم فلیوضأ ‘‘ حضرت عطیۃ بن عروہ سعدی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے انھوں نے فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا غصہ شیطان کی طرف سے ہے اور شیطان آگ سے پیدا کیاگیا ہے اور آگ کو پانی سے بجھایا جاتا ہے پس جب تم میں سے کوئی غصہ میں آجائے تو چاہئے کہ وہ وضو کرے ۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے غصہ کو دور کرنے کیلئے ایک اور طریقہ تجویز فرمایا ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد پاک ہے جب تم میں سے کسی کو غصہ آئے اور وہ کھڑا ہوا ہو تو چاہئے کہ وہ بیٹھ جائے پس اگر اس سے غصہ ختم ہوجائے تو ٹھیک ہے ورنہ چاہئے کہ وہ لیٹ جائے ۔ ’’ عن ابی ذر ان رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم قال اذا غضب احدکم وھو قائم فلیجلس فان ذھب عندالغضب والا فلیضطجع ( سنن ابوداود ) واللہ اعلم بالصواب– سیدضیاءالدین عفی عنہ، نائب شیخ الفقہ جامعہ نظامیہ بانی وصدر ابو الحسنات اسلامک ریسرچ سنٹر۔ حیدرآباد دکن
All Right Reserved 2009 - ziaislamic.com