***** دیگر فتاوی مطالعہ کرنے کے لئے داہنی جانب والی فہرست پر کلک کریں *****
 
f96: داماد کے ساتھ حج کرنے کاحکم <Back
سوال

ہمارے سماج میں خواتین داماد سے پردہ کرتی ہیں ، ایک خاتون حج کے لئے جانا چاہتی ہیں ، ان کے داماد بھی حج کے لئے جارہے ہیں۔ مسئلہ یہ درپیش ہے کہ ان کے پاس محرم کے سفر کا انتظام کرنے کے لئے رقم نہیں ہے، کیا وہ اپنے داماد کے ساتھ حج کرسکتی ہیں ؟ جبکہ داماد اپنے خرچہ سے حج کے لیے جاہی رہے ہیں ؟ و نیز یہ بتلائیں کہ محرم کون کونسے رشتہ دار ہیں؟

جواب

: فرضیت حج کے دیگر شروط میں ایک شرط یہ ہے کہ سفر حج میں عورت کے ساتھ محرم ہو۔ در مختار ج 2، شروط حج کے ضمن میں ص 157، پر ہے : (و ) مع (زوج او محرم) ترجمہ : (دوران حج) عورت کے ساتھ شوہر یا کسی محرم کا ہونا (شرط) ہے۔رد المحتار ج 2،کتاب الحج ،مطلب فی قولھم یقدم حق العبدعلی حق الشرع ،ص 157، میں ہے : والمحرم من لا یجوز لہ منا کحتھا علی التابید بقرابۃ او رضاع او صھریۃ۔/font> > ترجمہ : محرم وہ رشتہ دار ہے جس سے قرابت، رضاعت یا مصاہرت کے سبب ہمیشہ کے لیے نکاح ناجائز ہو۔ چونکہ ساس سے داماد کا نکاح کسی بھی وقت جائز نہیں اس بناء پر داماد ساس کے لیے محرم ہوتاہے ، تاہم فتنہ کا زمانہ ہونے کی وجہ سے فقہاء کرام نے جوان عورت کے لیے سسرالی رشتہ اور دودھ کے رشتہ سے احتیاط کرنے کے لیے فرمایا ہے ، اس لئے جوان عورت کو اپنے داماد کے ساتھ سفر کرنے سے پرہیز کرنا چاہئے۔ اس کے برخلاف اگر معمر خاتون ہے تو ان کو فریضۂ حج کی ادائیگی کے لے اپنے داماد کے ساتھ جانے میں کوئی قباحت نہیں۔ جیسا کہ ردالمحتار ج 2،کتاب الحج ، مطلب فی قولھم یقدم حق العبدعلی حق الشرع ، ص 158، میں ہے : لا تسافر باخیھا رضاعا فی زماننا ا ھ ای لغلبۃ الفساد قلت و یؤیدہ کراھۃ الخلوۃ بھا کالصھرۃ الشابۃ فینبغی استثناء الصھرۃ الشابۃ ہنا ایضاً لان السفر کا لخلوۃ۔/font> > ترجمہ: ہمارے زمانہ میں فساد کا غلبہ ہونے کی وجہ سے عورت اپنے رضاعی بھائی کے ساتھ سفر نہ کرے، اس کے ساتھ خلوت و تنہائی میں رہنا مکروہ ہونے سے اس مسئلہ کی تائید ہوتی ہے جس طرح جوان ساس کے ساتھ خلوت (داماد کے لیے) مکروہ ہے لہٰذا محرم کے مسئلہ میں جوان ساس کو مستثنیٰ کرنا چاہئے کیونکہ سفر خلوت کی طرح ہوتاہے۔ واللہ اعلم بالصواب – سیدضیاءالدین عفی عنہ ، شیخ الفقہ جامعہ نظامیہ بانی وصدر ابو الحسنات اسلامک ریسرچ سنٹر ۔www.ziaislamic.com حیدرآباد دکن

All Right Reserved 2009 - ziaislamic.com