***** دیگر فتاوی مطالعہ کرنے کے لئے داہنی جانب والی فہرست پر کلک کریں *****



مضامین کی فہرست

فتاویٰ > معاملات > خرید و فروخت کا بیان

Share |
سرخی : f 1152    Mineral water filter plant businessکا حکم
مقام : فتح دروازہ ، انڈیا ,
نام : عنایت علی
سوال:     Mineral water filter plant businessکا حکم کیا ہے؟ کیاشریعت اسلامیہ نے پانی کی تجارت کی اجازت دی ہے؟ براہ کرم جواب عنایت فرمائیں۔
............................................................................
جواب:     ہوا او رپانی ہر جاندار کی بنیادی ضرورت ہے اللہ تعالی کا ارشاد ہے:  وجعلنا من الماء کل شیٔ حی۔ ترجمہ: اور ہم نے پانی سے ہر زندہ چیز پیدا کی۔ (سورۃالانبیاء۔ 30)
انسان غذا کے بغیر دوتین دن تک بھی زندہ رہ سکتا ہے لیکن پانی کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتا ، اس لئے شریعت مطہرہ نے تالاب، نہر، کنویں وغیرہ کا پانی ہر ایک کے لئے مباح رکھا ،کسی کو اس سے روکنے کاحق نہیں اورنہ وہ کسی ایک شخص کی ملکیت ہے البتہ جب ان ذخائر سے پانی کو برتن، مشکیزہ، ٹینک وغیرہ میں جائز طریقہ سے محفوظ کرلیا جائے تو وہ انسان کی ملکیت قرار پاتا ہے، اس کو اختیار ہے خواہ مفت دے یا مال کے عوض بیچے، ازروئے شرع اس کی خرید وفروخت کی جاسکتی ہے، اگر پانی جمع کیا ہوا نہیں بلکہ کنویں وغیرہ میںہو تو کنویں وغیرہ پر آکر پانی لینے والوں کوروکنا شرعاً جائز نہیں۔ جیسا کہ جامع ترمذی شریف میں حدیث مبارک ہے: عن ابی ہریرۃ ان النبی صلی اللہ علیہ وسلم قال لا یمنع فضل الماء ۔
ترجمہ:سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضرت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: زائد پانی کو نہ روکاجائے۔(جامع ترمذی ، ابواب البیوع، باب ماجاء فی بیع فضل الماء ،حدیث نمبر:1319) ونیزردالمحتارمیں ہے ان صاحب البئرلایملک الماء۔ ۔ ۔ وہذامادام فی البئر أمااذا اخرجہ منہا بالاحتیال کمافی السوانی فلاشک فی ملکہ لہ لحیازتہ لہ فی الکیزان ثم صبہ فی البرک بعد حیازتہ۔ (ردالمحتار ج 4 کتاب البیوع، باب البیع الفاسد، مطلب صاحب البئر لایملک الماء ص 123) علاوہ ازیں مِنیرل واٹر فلٹر پلانٹ (Mineral water filter plant) میں کیمیکلس وغیرہ کے ذریعہ جراثیم نکالے جاتے ہیں اور پانی کو صاف کیا جاتا ہے چونکہ اس میں مزید انسان کی اپنی محنت و صرفہ ہے لہٰذا مِنیرل واٹر فلٹر پلانٹ بزنس (Mineral water filter plant business )کرنا شرعاً جائز ودرست ہے۔
واللہ اعلم بالصواب –
سیدضیاءالدین عفی عنہ ،
شیخ الفقہ جامعہ نظامیہ
بانی وصدر ابو الحسنات اسلامک ریسرچ سنٹر ۔
حیدرآباد دکن۔
All Right Reserved 2009 - ziaislamic.com