***** دیگر فتاوی مطالعہ کرنے کے لئے داہنی جانب والی فہرست پر کلک کریں *****



مضامین کی فہرست

فتاویٰ > اخلاق کا بیان > جھوٹ کی مذمت کا بیان

Share |
سرخی : f 1280    دھوکہ دہی کی ایک شکل
مقام : سکندرآباد,انڈیا,
نام : شعیب نذیر
سوال:    

شہر و بیرون شہر مختلف دینی پروگرامس ہوتے رہتے ہیں، جس میں علماء کرام و معززین سے وقت لے کر انہیں مدعو کیا جاتا ہے اور پروگرام کی اطلاع و تشہیر کے لئے مختلف طریقے اختیار کئے جاتے ہیں، مدعو شخصیتوں کے نام اخبارات یا اشتہارات میں چھپوائے جاتے ہیں، اگر کوئی تنظیم یا انجمن کسی سے پروگرام میں شرکت کے لئے وقت نہ لے اور ان کا نام مدعو حضرات کے نام میں چھپواکر تشہیر کی جائے تو یہ کہاں تک درست ہے؟


............................................................................
جواب:    

کسی پروگرام میں شرکت کے متعلق علماء کرام و معززین کی فہرست میں کسی کا نام اخبارات یا اشتہارات میں چھپوانے کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ نیوز دینے والے یا اشتہار دینے والے افراد قارئین کو یہ باور کروارہے ہیں کہ مدعو شخصیتوں سے وقت لیا گیا اور انہوں نے شرکت کا وعدہ کیا، اگر کوئی تنظیم یا انجمن کسی سے وقت لئے بغیر ان کا نام مدعو حضرات کی فہرست میں شامل کردے تو یہ عمل دھوکہ دہی، دروغ گوئی اور کذب بیانی ہے، اور اس خبر و اشتہار کی جس قدر تشہیر ہوتی ہے اس کی قباحت و شناعت اسی قدر زیادہ ہوتی ہے۔ حضرت نبی اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے کذب بیانی و دروغ گوئی کی سخت وعید بیان فرمائی ہے، سنن ابو داؤد شریف میں حدیث پاک ہے: عن عبد اللہ قال قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایاکم والکذب فان الکذب یھدی الی الفجور۔ ترجمہ: سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جھوٹ سے پرہیز کرو، کیونکہ جھوٹ فسق و فجو ر کی طرف لے جاتا ہے اور فسق و فجو ر دوزخ کی طرف لے جاتا ہے اور بے شک آدمی جھوٹ بات کہتا ہے اور جھوٹ کاموقع تلاش کرتا رہتا ہے یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ کے پاس جھوٹا لکھا جاتا ہے۔ (سنن ابو داؤد شریف، کتاب الادب، باب فی التشدید فی الکذب، حدیث نمبر4991﴾ نیز دھوکہ دہی کی مذمت کے متعلق امام ابو عبداللہ حاکم رحمۃ اللہ علیہ نے مستدرک علی الصحیحین میں روایت کی ہے: عن أنس بن مالک رضی اللہ عنہ عن النبی صلی اللہ علیہ وسلم قال المکر و الخدیعۃ والخیانۃ فی النار۔ ترجمہ: سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ حضرت نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے روایت کرتے ہیں حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے ارشاد فرمایا: مکر، دھوکہ دہی اور خیانت دوزخ میں لیجانے والے اعمال میں ہے- (مستدرک علی الصحیحین، کتاب الاھوال، حدیث نمبر8948﴾ واللہ اعلم بالصواب – سیدضیاءالدین عفی عنہ ، شیخ الفقہ جامعہ نظامیہ بانی وصدر ابو الحسنات اسلامک ریسرچ سنٹر ۔www.ziaislamic.com حیدرآباد دکن

All Right Reserved 2009 - ziaislamic.com