***** دیگر فتاوی مطالعہ کرنے کے لئے داہنی جانب والی فہرست پر کلک کریں *****



مضامین کی فہرست

فتاویٰ > معاشرت > نکاح کا بیان

Share |
سرخی : f 1409    قادیانی ماحول میں رہنے والے لڑکے کا مسلمان لڑکی کے ساتھ نکاح ؟
مقام : انڈیا,
نام : محمد انصار اللہ قاسمی، مجلس تحفظ ختم نبوت
سوال:     ایک لڑکا جس کا دعوی ہے کہ وہ سنی ، حنفی مسلمان ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو آخری نبی مانتا ہے ، کیا اس لڑکے کا نکاح کسی سنی مسلمان لڑکی سے ہوسکتا ہے درآں حالے کہ: (الف) لڑکا قادیانی آبادی اور ماحول میں رہتا ہے- (ب) اس کی والدہ قادیانی ہے- (ج) رشتہ لگانے والے لڑکے کی خالہ قادیانی ہے- (د) اس کا پورا ننھیال قادیانی ہے- (ہ) نکاح نہ ہونے کی صورت میں اگر یہ اندیشہ ہے کہ ضد میں آکر لڑکا قادیانی نہ بن جائے تو اس صورت میں کیا کرنا ہوگا؟ (و) ان دونوں کا اگر نکاح جائز نہ ہو تو اس کی وجہ مصلحت ہے یا حکم شرعی ہے؟
............................................................................
جواب:     اگر واقعۃً لڑکا سنی حنفی مسلمان ہے اور حضرت رسول اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو آخری نبی مانتا ہے علاوہ ازیں اس سے اس امر کا بھی اقرار کروالیا جائے کہ مرزا غلام احمد قادیانی کو نبی نہیں مانتا بلکہ مرتد اور خارج اسلام مانتا ہے تو اسے مسلمان ہی کہا جائیگا اور اس پر مسلمانوں کے احکام جاری ہوںگے چنانچہ اس سے مسلمان لڑکی کا نکاح شرعاً جائز ہے۔  
(الف‘ب‘ج‘د) خواہ لڑکے کے تمام افراد خاندان قادیانی کیوں نہ ہوں اور وہ قادیانی آبادی اور ماحول میں رہتاہو۔  
(ہ) مذکورہ صورت میں نکاح شرعاً جائز رہے گا۔  
(و) لڑکے کے بارے میں جب اس بات کا اندیشہ محسوس کیاجارہاہے کہ کہیں اس کا دل خاندان کی وجہ سے قادیانیت کی طرف مائل نہ ہوجائے تو ایسی صورت میں اس بات کی کوشش کرنی چاہئے کہ لڑکے کو بہ سلامتیٔ ایمان و عقیدہ ، جسم و جان قادیانی ماحول سے نکال لیا جائے اور خالص مسلم آبادی اور اسلامی ماحول میں رکھا جائے۔ نکاح نہ ہونے کی صورت میں اگر یہ اندیشہ و خطرہ ہے کہ لڑکا قادیانی نہ بن جائے تو اسے قادیانی ماحول میں نہیں چھوڑنا چاہئے، بلکہ اس کے ایمان کی پختگی اوراستقامت دینی کے لئے خصوصی تربیت ونگرانی کرنی چاہئے۔ سرور کونین علیہ الصلوۃ والسلام کے عہد میمون میں جب کوئی مشرف بہ اسلام ہوکر صحابیت کا شرف حاصل کرتے تو ان کے غیرمسلم خاندان و قبیلہ سے اندیشہ کی بناء پر چھوڑا نہیں جاتا بلکہ حضور پاک علیہ الصلوۃ والسلام صحابیات کے ساتھ ان کاعقد مناکحت فرمایا کرتے ‘اس کی متعددمثالیں کتب سیرمیں موجود ہیں ۔
واللہ اعلم بالصواب
سید ضیاء الدین عفی عنہ
شیخ الفقہ جامعہ نظامیہ
وبانی ابوالحسنات اسلامک ریسرچ سنٹر www.ziaislamic.com
حیدرآباد ، دکن ،انڈیا
All Right Reserved 2009 - ziaislamic.com