***** دیگر فتاوی مطالعہ کرنے کے لئے داہنی جانب والی فہرست پر کلک کریں *****



مضامین کی فہرست

فتاویٰ > عبادات > نماز کا بیان > نماز تراویح کے مسائل

Share |
سرخی : f 170    تراویح میں قرآن ختم کرنے کی فضیلت
مقام : اسپین,
نام : محمد حبیب
سوال:    

میں یہ سوال کرنا چاہتا ہوں کہ حدیث شریف میں حافظ قرآن کی کیا فضیلت آئی ہے؟ اور کیا حافظ قرآن کو تراویح میں پورا قرآن پڑھنا چاہئے؟


............................................................................
جواب:    

حافظ قرآن کریم کے فضائل میں کئی ایک احادیث شریفہ وارد ہیں دسویں صدی ہجری کے محدث جلیل علامہ علی متقی ہندی رحمۃ اللہ علیہ نے حافظ قرآن کی فضیلت سے متعلق کنز العمال شریف میں روایتیں نقل کی ہیں: حامل القرآن حامل رایۃ الإسلام ومن اکرمہ فقد اکرم اللہ ومن اہانہ علیہ لعنۃ اللہ۔ (فرعن ابی امامۃ)۔ ترجمہ: حافظ قرآن اسلام کے جھنڈے کو اٹھانے والا ہے اور جس شخص نے اس کی تعظیم کی یقینا اس نے اللہ تعالیٰ۔ کی تعظیم کی اور جس نے اس کی توہین کی اس پر اللہ تعالیٰ کی لعنت ہے۔ (کنز العمال الباب السابع: فی تلاوۃ القرآن وفضائلہ الفصل الاول: فی فضائلہ فی فضائل تلاوۃ القرآن حدیث نمبر 2294) مسند امام احمد میں حدیث پاک ہے: عَنْ عَبْدِ اللَّہِ بْنِ عَمْرٍو عَنْ النَّبِیِّ صَلَّی اللَّہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ قَالَ یُقَالُ لِصَاحِبِ الْقُرْآنِ اقْرَاْ وَارْقَ وَرَتِّلْ کَمَا کُنْتَ تُرَتِّلُ فِی الدُّنْیَا فَإِنَّ مَنْزِلَتَکَ عِنْدَ آخِرِ آیَۃٍ تَقْرَؤُہَا۔ ترجمہ: سیدنا عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما حضرت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا حافظ قرآن سے کہا جائے گا: قرآن کریم پڑھتا رہ اور درجہ بہ درجہ چڑھتا رہ اور ترتیل کے ساتھ تلاوت کر جس طرح تو دنیا میں تلاوت کرتا تھا کیونکہ تیرا مقام آخری آیت کے پاس ہے جس کو تو پڑھے گا۔ (مسند احمد 6508) تراویح میں قرآن کریم ایک مرتبہ ختم کرنا سنت ہے دو مرتبہ ختم کرنا فضیلت اور تین مرتبہ ختم کرنا افضل و اولیٰ ہے۔ (در مختار ج کتاب الصلوٰۃ باب الوتر والنوافل میں ہے (والختم) مرۃ سنۃ و مرتین فضیلۃ و ثلاثا افضل) حافظ قرآن نماز تراویح میں امامت کرے اور قرآن کریم ختم کرے یہ اس امر سے بہتر ہے کہ کسی کی اقتداء میں نماز تراویح ادا کرے کیونکہ حفظ قرآن کریم میں پختگی باقی رہے گی اللہ تعالیٰ حفظ قرآن کی نعمت عطا فرمایا ہے تو مکمل قرآن کریم سنانا چاہئے قرآن کریم کا ختم سننے والوں اور سنانے والوں کے لئے سعادت مندی و نیک بختی ہے۔ واللہ اعلم بالصواب سیدضیاءالدین عفی عنہ ، شیخ الفقہ جامعہ نظامیہ ، بانی وصدر ابو الحسنات اسلامک ریسرچ سنٹر ۔ حیدرآباد دکن۔

All Right Reserved 2009 - ziaislamic.com