***** دیگر فتاوی مطالعہ کرنے کے لئے داہنی جانب والی فہرست پر کلک کریں *****



مضامین کی فہرست

فتاویٰ > عقائد کا بیان > متفرق مسائل

Share |
سرخی : f 483    ’’بچے خدا کا روپ ہوتے ہیں‘‘ کہنے کا حکم
مقام : پاکستان,
نام : سید محمد عزیر جاوید عطاری قادری رضوی ضیائی اشرفی
سوال:    

السلام علیکم حضور! حضور مجھے جلد جواب دیجئے اور برائے کرم میری مدد فرمائیے۔ لوگ آج کل یہ کہتے ہیں کہ ’’بچے خدا کا روپ ہوتے ہیں‘‘ ۔ کیا ایسا کہنا جائز ہے یا نہیں ؟ ہم نے سنا ہے کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام ‘ مظہرِ ذاتِ الٰہی عز وجل ہیں اگر میں غلط نہیں ہوں تو‘ برائے کرم میری رہبری فرمائیے‘ اللہ سبحانہ تعالیٰ کی مدد سے اور سرکار محمد صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے واسطے۔


............................................................................
جواب:    

وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ و برکاتہ ! یہ جملہ ’’ بچے خدا کا روپ ہوتے ہیں‘‘ نہیں کہنا چاہئے۔ روپ کے متبادر معنی صورت و شکل کے ہیں‘ جبکہ اللہ تعالیٰ صورت و شکل سے پاک ہے‘ تصور و خیال سے بالا اور زمان و مکان سے منزہ ہے‘ یہ الفاظ شان الوہیت کے لائق نہیں اور آداب توحید کے خلاف ہیں‘ حضرت نبی اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ والہ وسلم نے ارشاد فرمایا رفع القلم عن ثلاثۃ عن النائم حتی یستیقظ و عن الصبی حتی یحتلم و عن المجنون حتی یعقل۔ ترجمہ: تین افراد سے قلم اٹھالیا گیا‘سونے والے سے یہاں تک کہ وہ بیدار ہوجائے ‘بچہ سے یہاں تک کہ بالغ ہوجائے اور مجنون سے یہاں تک کہ صاحب عقل ہوجائے۔ (سنن ابو داؤد شریف‘ ج 2‘ کتاب الحدود‘ باب فی المجنون یسرق او یصیب حدا‘ حدیث نمبر 4405)۔ اس حدیث پاک سے اتنا معلوم ہوتا ہے کہ بچے شرعی احکام کے مکلف نہیں۔ دوسرا جملہ جو آپ نے ذکر کیا کہ ’’حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم مظہر خدا ہیں‘‘ یہ بالکل صحیح اور درست ہے‘ کائنات میں بہت سارے مظاہر الٰہی ہیں‘ جن سے اللہ تعالیٰ کی قدرت اور دیگر صفات کا ظہور ہوتا ہے۔اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے‘ سَنُرِیْہِمْ اٰیَاتِنَا فِی الْآفَاقِ وَفِیْ أَنفُسِہِمْ حَتَّی یَتَبَیَّنَ لَہُمْ أَنَّہُ الْحَقُّ۔ ترجمہ: عنقریب ہم اُنہیں آفاق میں اور اُن کی ذات میں ہماری نشانیاں دکھلائیں گے‘ یہاں تک کہ اُن کے لئے واضح ہوجائے کہ وہی حق ہے۔ (سورہ فصلت‘ 53) ساری کائنات میں انسان بھی مظہر الٰہی ہے اور افضل البشر‘ بعد از خدا بزرگ ہمارے نبی حضرت محمد صلی اللہ تعالیٰ علیہ والہ وسلم صفات الٰہیہ کے مظہر اتم و اکمل ہیں۔ واللہ اعلم بالصواب – سیدضیاءالدین عفی عنہ ، شیخ الفقہ جامعہ نظامیہ بانی وصدر ابو الحسنات اسلامک ریسرچ سنٹر ۔www.ziaislamic.com حیدرآباد دکن

All Right Reserved 2009 - ziaislamic.com