***** دیگر فتاوی مطالعہ کرنے کے لئے داہنی جانب والی فہرست پر کلک کریں *****



مضامین کی فہرست

فتاویٰ > عبادات > نماز کا بیان > جنازہ کے مسائل

Share |
سرخی : f 905    جنازہ کو کندھا دینا
مقام : حیدرآباد ، انڈیا,
نام : محمد امتیاز
سوال:     حال ہی میں ہمارے عزیزوں میں ایک صاحب کا انتقال ہوگیا۔جنازہ کو کندھا دینے کے موقع پر ایک صاحب نے آہستہ سے مجھ سے کہا کہ تمہاری بیوی حاملہ ہے ۔تم جنازہ کو کندھا مت دو تو کیا شریعت مطہرہ میں ایسا کوئی حکم ہے؟
............................................................................
جواب:     اسلام میں بدشگونی و بدفالی کا کوئی تصور نہیں ہے کیوںکہ یہ زمانہ جاہلیت کے ان باطل تصورات اور من گھڑت اعتقادات سے ہے جن کی اسلام نے سختی سے ممانعت کی ہے ۔ بخاری شریف ،کتاب الطب ،باب الطیرۃ(حدیث نمبر:5753)میں حدیث شریف ہے : عن ابن عمر ان رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم قال لا عدوی ولا طیرۃ ۔ حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالی عنہما سے روایت ہے‘حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ نہ کوئی بیماری متعدی ہے اور نہ بدشگونی کوئی چیز ہے ۔  
جنازہ کو کندھا دینا شریعت میں ایک مستحسن و مسنون عمل ہے جس پر اجر وثواب کی بشارت دی گئی ہے ۔  
حاملہ عورت کا شوہر اگر جنازہ کو کندھا دے تو یقیناً اس نے ایک کار خیر کیا ہے ۔اس کے عمل سے بدشگونی و بدفالی لینا سراسر غلطی ہے ۔ اسلام میں اس کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ شریعت میں جنازہ کو کندھا دینے اور اس کے پیچھے چلنے کے کثرت سے فضائل وارد ہیں ۔  
صحیح بخاری شریف،کتاب الجنائز ،باب من انتظر حتی تدفن (حدیث نمبر:1325)میں ہے : ان اباھریرۃ قال قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم من شھد الجنازۃ حتی تصلی علیہ فلہ قیراط و من شھد حتی یدفن کان لہ قیراطان قیل و ماالقیرطان قال مثل الجبلین العظیمین ۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا :جو کوئی نماز جنازہ میں حاضر ہو یہاں تک کہ وہ اس پر نماز پڑھ لے تو اس کے لئے ایک قیراط ہے اور جو تدفین تک حاضر رہے تو اس کے لئے دو قیراط ہیں ۔ عرض کیا گیا دو قیراط کیا ہیں ۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : دو بڑے پہاڑوں کے برابر (اجروثواب) ۔
واللہ اعلم بالصواب
سیدضیاء الدین نقشبندی عفی عنہ
شیخ الفقہ جامعہ نظامیہ
بانی ابوالحسنات اسلامک ریسرچ سنٹرwww.ziaislamic.com
حیدرآباد،دکن  
All Right Reserved 2009 - ziaislamic.com